عیدالاضحیٰ کی آمد، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث چھوٹے تاجروں کو مشکلات کا سامنا

جہلم: عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شہر بھر کے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں نے رات 8 بجے کاروبار بند کرنے کے شیڈول میں نرمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے مختلف بازاروں کے دکانداروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ بالکل قریب ہے جبکہ خریدار عموماً شام پانچ بجے کے بعد خریداری کے لیے گھروں سے نکلتے ہیں، لیکن ساڑھے سات بجے ہی دکاندار دکانیں بند کرنا شروع کر دیتے ہیں، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ موجودہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اور محدود اوقاتِ کار کے باعث ان کا کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث دن کے اوقات میں کاروبار نہ ہونے کے برابر رہتا ہے، ایسے میں رات آٹھ بجے دکانیں بند کرنے سے چھوٹے کاروباری طبقے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں دکانوں کے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے جبکہ گھریلو کفالت ایک بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے۔ تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ توانائی بچانے کے لیے ایسی متوازن پالیسی مرتب کی جائے جس سے بجلی کی بچت بھی ہو اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر نہ ہوں۔

تاجروں کے مطابق شہری زیادہ تر شام اور رات کے اوقات میں خریداری کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن مقررہ وقت سے قبل بازار بند ہونے سے نہ صرف صارفین کو مشکلات پیش آ رہی ہیں بلکہ تاجروں کے کاروبار پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

شہریوں اور تاجر تنظیموں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحیٰ کے پیش نظر بازاروں کے اوقات کار میں مناسب نرمی کی جائے تاکہ کاروباری طبقہ معاشی مشکلات سے نکل سکے اور شہری بھی آسانی کے ساتھ خریداری کر سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button