پنجاب حکومت شرپسند عناصر سے نمٹنے کےلیے ہر وقت تیار ہے، ملک صہیب برتھ

جہلم: صوبائی وزیر قانون و کمیونیکیشن اینڈ ورکس صہیب احمد برتھ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے پرامن اور مثالی انعقاد کے لیے پنجاب حکومت مکمل طور پر متحرک ہے، تمام صوبائی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے جہلم میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کی صدارت انہوں نے آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا اور کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کے ہمراہ کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے انتظامی امور پر جبکہ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے سیکیورٹی انتظامات پر صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں ہر مجلس اور جلوس کے لیے فول پروف سیکیورٹی، صفائی، روشنی، طبی سہولیات سمیت دیگر تمام انتظامی معاملات کو مثالی بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام جاری ہے۔
اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر قانون نے واضح کیا کہ عوام کو سہولت دینے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق اربوں روپے کے ترقیاتی و فلاحی منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ ان پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کرائے۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے آر پی او راولپنڈی اور کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ ضلعی کنٹرول روم اور سیف سٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ محرم کے جلوسوں کے راستوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جہاں ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صہیب برتھ نے ضلعی افسران کے ہمراہ محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور لائسنس داران کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مرکزی جلوس کے اختتامی مقام بیت العباس پر میڈیا سے مختصر گفتگو میں صوبائی وزیر نے کہا کہ عزاداروں کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے جبکہ کسی بھی قسم کی شر پسندی، دہشت گردی یا تخریب کاری کے خدشات سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مکمل تیار ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ محرم کے مقدس ایام کو پرامن طریقے سے گزارنے کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں اور میڈیا کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔ میڈیا کو چاہیے کہ وہ معاشرے میں امن و اتحاد کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔



