ریسکیو 1122 جہلم نے عید الفطر کے حوالے سے ایمرجنسی پلان ترتیب دے دیا

جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو فوری طبی اور ریسکیو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی پلان ترتیب دے دیا ہے۔ ریسکیو 1122 عید کے تینوں دن ہائی الرٹ رہے گا تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں کنٹرول روم انچارج، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر، سینئر اکاؤنٹنٹ اور تمام تحصیلوں کے اسٹیشن انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس میں عیدالفطر کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات اور دستیاب وسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 عیدالفطر کے موقع پر مکمل طور پر الرٹ رہے گا اور عوام کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی پلان کے تحت ضلع بھر میں 19 ایمبولینسز، 5 فائر اینڈ ریسکیو وہیکلز اور 19 موٹر بائیک ریسکیو یونٹس تعینات کیے جائیں گے جبکہ 250 ریسکیو اہلکار مختلف مقامات پر موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
عیدالفطر کے دوران اہم عوامی مقامات، عید گاہوں، بازاروں اور تفریحی مقامات پر ریسکیو ٹیموں کی خصوصی تعیناتی کی جائے گی تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے یا طبی ایمرجنسی میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1122 پر فوری رابطہ کریں اور تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ عید کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔



