سالانہ کروڑوں کمانے والی بیوٹی کلینکس کی بڑی تعداد ٹیکس نادہندہ ہونے کا انکشاف

جہلم سمیت پنجاب بھر میں سالانہ کروڑوں روپے کمانے والے بیوٹی کلینکس کی بڑی تعداد ٹیکس نادہندہ نکلی ہے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) نے اس صورتحال کے پیش نظر نادہندہ بیوٹی کلینکس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے جہلم سمیت پنجاب بھر میں سروے ٹیموں کو مزید فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دسمبر تک سروے اور رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں۔ بیوٹی کلینکس سالانہ کروڑوں روپے کماتے ہیں، تاہم سرکاری خزانچے میں ٹیکس کی مد میں معمولی بھی رقم جمع نہیں کراتے۔
سروے کے دوران بیوٹی کلینکس کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی اور انہیں ای آئی ایم (EIM) سسٹم سے منسلک کیا جائے گا تاکہ ٹیکس ادائیگی میں شفافیت اور ذمہ داری یقینی بنائی جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ افسران کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مزید انفورسمنٹ افسران کو فیلڈ میں تعینات کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ افسران اور عملے کی کارکردگی اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لیے خصوصی سیل کو بھی توسیع دی جائے گی تاکہ ٹیکس کی وصولی میں تاخیر یا عدم ادائیگی کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے قوانین میں ترامیم اور انتظامی ڈھانچے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ نادہندہ کاروباروں کو قانونی دائرہ کار میں لایا جا سکے اور ٹیکس نظام کو موثر بنایا جا سکے۔



