بجٹ سے قبل ہی سگریٹ مافیا سرگرم، سگریٹ کا ایک پیکٹ 30 روپے تک مہنگا کر دیا گیا

سوہاوہ: بجٹ سے قبل ہی سگریٹ مافیا سرگرم، سگریٹ کا ایک پیکٹ دس سے تیس روپے تک مہنگا کر دیا گیا، سوہاوہ و گوجرخان کے سگریٹ ڈیلرز نے بجٹ سے قبل ہی ذخیرہ اندوزی شروع کر دی، سگریٹ کا پیکٹ جو پہلے ہی درج شدہ قیمت سے دس فیصد مہنگا فروخت کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوہاوہ اور گوجرخان کے سگریٹ ڈیلرز نے بجٹ سے قبل ہی ذخیرہ اندوزی شروع کر دی اور پرچون دوکانداروں کو سگریٹ کی فروخت کم کر دی جس کے باعث دوکاندار مہنگے داموں بلیک میں سگریٹ خریدنے پر مجبور ہو گئے۔

پرچون دوکانداروں کا کہنا ہے کہ سگریٹ ڈیلرز جہاں روزانہ پانچ سے دس راڈ فراہم کرتے تھے وہاں وہ ایک راڈ سے زیادہ نہیں دے رہے جبکہ ڈیلرز نے فی راڈ سو سے اڑھائی سو روپے مہنگا کر دیا ہے۔ سگریٹ کا پیکٹ جو پہلے ہی درج شدہ قیمت سے دس فیصد مہنگا فروخت کیا جا رہا تھا اسے مزید مہنگا کر دیا گیا جبکہ سگریٹ مافیا کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔

سوہاوہ کے بڑے سگریٹ ڈیلرز نے مختلف مشہور سگریٹ برانڈز بجٹ سے قبل ہی اپنے خفیہ گوداموں میں ذخیرہ کرنا شروع کر دیا اور ساتھ ہی مارکیٹ میں خود ساختہ کمی بھی کر دی۔

شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ باقی اشیاء کی طرح سگریٹ مافیا کو بھی لگام ڈالی جائے اور بڑے سگریٹ ڈیلرز کو خود ساختہ بیلک مارکیٹنگ سے باز رکھا جائے اور مارکیٹ میں سگریٹ پر درج قیمت پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔

Exit mobile version