ڈسٹرکٹ ٹریفک آفس میں کھلی کچہری، قائم مقام ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے

جہلم: انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کی ہدایات پر قائم مقام ڈی پی او جہلم فیصل سلیم نے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفس جہلم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس کھلی کچہری میں شہریوں کی درخواستوں کی سماعت کی گئی اور ان کے مسائل سنے گئے۔
قائم مقام ڈی پی او جہلم فیصل سلیم نے متعلقہ افسران کو سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس افسران کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا ہے، تاکہ شہریوں کے مسائل فوری طور پر حل ہو سکیں اور ان کی داد رسی کی جا سکے۔
فیصل سلیم نے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں میں پیش ہونے والی درخواستوں کا ریکارڈ آن لائن سافٹ ویئر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر رکھا جاتا ہے اور مقرر کردہ ٹائم لائن کے اندر متعلقہ افسران سے فالو اپ لیا جاتا ہے۔ اس عمل کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران کی جانب سے ہر ممکن کارروائی کی جاتی ہے تاکہ شہریوں کو فوری انصاف مل سکے۔



