پنڈدادنخان شہر میں گردوغبار اور مٹی کا طوفان، شہری ازیت میں مبتلا

پنڈدادنخان: رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں پنڈدادنخان کے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
شہر میں گردوغبار اور مٹی کے طوفان نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ حیران کن طور پر وی آئی پی شخصیات کی آمد پر تو سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کر دیا جاتا ہے، لیکن عام شہریوں کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کیا جا رہا۔
پنڈدادنخان ریلوے پھاٹک سے لے کر جہلم روڈ تک گردوغبار کی بھرمار ہے، جس کے باعث شہری شدید پریشان ہیں۔ حالیہ دنوں میں مقامی انتظامیہ کے احکامات پر ایل سی آئی فیکٹری کا ویسٹ سڑکوں کو ہموار کرنے کے لیے بچھایا گیا تھا، لیکن اس پر پانی کا چھڑکاؤ نہ ہونے کی وجہ سے پورے شہر میں گردوغبار کا طوفان برپا ہے۔ نتیجتاً شہریوں کو فوگ جیسی صورت حال کا سامنا ہے اور متعدد افراد گلے اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی کارکردگی بھی صرف جہلم شہر تک محدود ہے، جبکہ پنڈدادنخان کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ عوامی شکایات کے باوجود بھی مقامی انتظامیہ کی طرف سے تاحال کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا گیا، جس کی وجہ سے شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔
پنڈدادنخان کے مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کروایا جائے تاکہ گردوغبار کی شدت کم ہو سکے۔ مزید برآں، شہریوں نے اس مسئلے کا مستقل بنیادوں پر حل نکالنے کی درخواست کی ہے تاکہ آئندہ کسی کو بھی اس تکلیف دہ صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



