جہلم میں غیر معیاری اور مہنگا گوشت فروخت ہونے لگا، انتظامیہ خاموش

جہلم شہر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی کے باعث بازاروں میں غیر معیاری گوشت مہنگے داموں فروخت ہونے لگا۔ سرکاری نرخناموں کو نظرانداز کرتے ہوئے قصابوں نے من مانی قیمتوں پر گوشت بیچنا شروع کر دیا ہے، جبکہ متعلقہ حکام نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
شہریوں کے مطابق چھوٹے گوشت کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو اور بڑے گوشت کا 800 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن قصابوں نے اس کے برعکس چھوٹا گوشت ہڈی چربی سمیت 2200 روپے فی کلو اور بڑا گوشت 1200 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرنا شروع کر رکھا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے اور سرکاری نرخناموں پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو مہنگائی اور غیر معیاری گوشت سے نجات مل سکے۔



