سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر تحصیل انتظامیہ سوہاوہ نے موضع ڈومیلی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے طویل عرصے سے قائم ناجائز تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا۔ اس بروقت آپریشن کے نتیجے میں 15 سال سے بند عوامی راستہ کلیئر کروا کر عام شہریوں کے لیے کھول دیا گیا۔
تجاوزات کے خلاف اس کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کی قیادت میں پیرا فورس، پنجاب پولیس اور ستھرا پنجاب کے ورکرز نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران راستے پر قائم تمام غیر قانونی رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، جس سے اہل علاقہ کو آمدورفت میں درپیش دیرینہ مشکلات کا خاتمہ ہو گیا۔
اہل علاقہ نے تحصیل انتظامیہ کی اس موثر کارروائی کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کی ذاتی دلچسپی اور بروقت اقدامات کے باعث برسوں سے حل طلب مسئلہ چند دنوں میں حل ہو گیا، جو ضلعی انتظامیہ کی بہتر کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد عوامی سہولت کو بحال کرنا، تجاوزات اور گراں فروشی کا خاتمہ اور شہریوں کو بلا رکاوٹ آمدورفت کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ واگزار کروائے گئے راستے پر دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے دی جائیں اور مستقل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کامیاب آپریشن پر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ ضلع بھر میں سرکاری زمینوں اور عوامی راستوں کو واگزار کروانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
