جہلم میں شدید بارش، پانی گھروں اور زمینوں میں داخل، متعدد بستیاں متاثر، خاتون کی لاش برآمد

جہلم میں حالیہ بارشوں کے بعد برساتی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے نالہ بنہاں میں شدید طغیانی آگئی، جس کے نتیجے میں پانی قریبی دیہات اور زرعی زمینوں میں داخل ہوگیا۔

رسولپور، رسول نگر اور خورد سمیت متعدد بستیاں متاثر ہوئیں، جہاں رہائشی اپنی جان بچانے کے لیے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق خورد کے مقام پر ایک نامعلوم خاتون کی لاش پانی میں تیرتی ہوئی ملی ہے، جسے فوری طور پر نکال کر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ یہ لاش کسی اور علاقے سے پانی کے بہاؤ کے ساتھ یہاں پہنچی ہو۔ لاش کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق طغیانی کے خطرے کے پیش نظر دو روز قبل ہی فلیش فلڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا اور متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس کے باوجود کئی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ پانی تیزی سے بستیوں اور کھیتوں میں داخل ہو رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ریسکیو 1122 نے نالہ بنہاں اور نالہ گہان کے اطراف سات مقامات پر فلڈ ریسکیو پوسٹس قائم کر رکھی ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

اہل علاقہ نے حکومت پنجاب، وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں اور امدادی سامان فراہم کیا جائے۔

مزید یہ کہ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں مزید خطرات بڑھ سکتے ہیں، اس لیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button