صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا دورہ جہلم؛ جنرل بس سٹینڈ، کرایوں، گاڑیوں کی فٹنس اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا

جہلم: صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ضلع جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جنرل بس سٹینڈ پر نئے کرایہ جات، گاڑیوں کی فٹنس اور دیگر معاملات پر ضلعی انتظامیہ سے بریفنگ لی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی،ڈسڑکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ اور سیکرٹری آر ٹی اے سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے مسافروں کے لئے سفری سہولیات کے علاوہ بس سٹینڈ کے احاطے میں انتظار گاہ، انسداد سموگ انتظامات، نئے کرائے ناموں پر عمل درآمد، ٹرانسپورٹرز کے مسائل سمیت دیگر امور کا بھی جائزہ لیا جبکہ ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے صوبائی وزیر کو بس سٹینڈ میں تزئین و آرائش کے کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے باعث بس کے کرایہ زائد کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف پنجاب بھر میں آپریشن جاری ہے جس میں گاڑیوں کو چیک بھی کیا جا رہا ہے اور زائدوصول کئے گئے 2 لاکھ کے قریب کرائے واپس کروائے گئے ہیں جبکہ 100 کے قریب گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے جن کے فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں تھے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بتایا کہ اب تک پنجاب بھر میں تقریباً 3 ہزار گاڑیاں چیک ہو چکی ہیں۔
صوبائی وزیر نے ضلع میں انتظامیہ کی کارکردگی کی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہلم بس سٹینڈ پر کرایہ جات واضح لگائے گئے ہیں جو مسافروں کے لیے فائدہ مند ہیں، چنگ چی رکشوں سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے اسے بند نہیں کر سکتے مگر اسے قانون کے دائرے میں لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اڈوں کے احاطے میں چنگ چی اسٹینڈ بنائے جائیں گے تاکہ رش میں کمی آئے، ٹرانسپورٹر کے مسائل حل اور سموک فری پنجاب ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔



