پنڈدادنخان میں دریاؤں کا رخ موڑنے والے سیاست دان بھی میدان میں آ گئے

پنڈدادنخان میں دریاؤں کا رخ موڑنے والے سیاست دان بھی میدان میں آ گئے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما و حلقہ پی پی 26 پنڈدادنخان سے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی ناصر جاوید وڑائچ نے دریائے جہلم کا رخ موڑ دیا۔
پنڈدادنخان کے ملحقہ علاقوں منڈی محمد صدیق ،کوٹلہ شاہ کبیر، کلیوال محل چاہی پنڈدادنخان کے کسانوں کو دریائے جہلم کے پانی سے اپنی زمینوں کو سیراب کرنے کا مسئلہ درپیش تھا کیونکہ دریائے جہلم کے پانی کا بہاؤ ایل سی آئی بیلہ سے جنوب کی جانب ہو گیا تھا جبکہ شمال کی طرف بہنے والی نالی عرصہ دراز سے ریت کے ٹیلے اور جھاڑیوں کے اگنے سے بند پڑی تھی۔

کسان اپنی زمینوں کو سیراب کرنے کیلئے زمینی بور یا دور دراز سے سیمنٹ کے پائپوں کے ذریعے دریا سے پانی لا کر فصلیں آگاتے تھے جس پر بہت زیادہ اخراجات اٹھانے پڑتے تھے۔
ایک ماہ قبل ایک کارنر میٹنگ میں ناصر جاوید وڑائچ کو مسئلے کے حل کیلئے اپیل کی گئی تو انہوں نے ریت کے ٹیلوں سمیت جھاڑیوں وغیرہ کا صفایا بذریعہ ہیوی مشینری کروا دیا جبکہ دریائی پانی کا رخ موڑ دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ زمینیں سیراب ہوں اور کسانوں کو فائدہ ہو۔
ناصر جاوید وڑائچ کے احسن اقدام پر متاثرہ کسانوں سمیت پنڈدادنخان کے عوام میں ان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔



