جہلم میں مہنگائی عروج پر، گوشت، سبزیاں اور فروٹ کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگیں

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی عروج پر ہے، گوشت، سبزیاں اور فروٹ کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگیں، دکانداروں نے سرکاری نرخ ناموں کو ہوا میں اْڑا دیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غیر فعال ، شہری سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ جہلم مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ شہر میں بڑا گوشت ایک ہزار روپے، چھوٹا گوشت 2 ہزار روپے جبکہ سبزیاں فروٹ مرغی کا گوشت و دیگر اشیاء ضروریہ مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ نرخ ناموں کے مطابق شہریوں کو دستیاب نہیں، دکاندار من مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتے ہیں ، ضلعی انتظامیہ صرف اور صرف فوٹوسیشن کر کے سب اچھا ہے کی رپورٹس اعلیٰ حکام کو بھجوارہی ہے۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو سرکاری نرخ ناموں کے مطابق اشیاء خوردونوش ملنے کے عملی طور پر اقدامات کیے جائیں۔



