غفلت اور لاپرواہی سے ٹرک چلا کر موٹرسائیکل سوار کو کچلنے والا ٹرک ڈرائیور گرفتار

دینہ میں غفلت اور لاپرواہی سے ٹرک چلا کر ایک شہری کو کچل کر جاں بحق اور بچوں کو زخمی کرنے والے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل جہلم کی تحصیل دینہ میں جی ٹی روڈ پر پل کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک نے ڈوئیاں کے رہائشی موٹر سائیکل سوار صفدر حسین کو کچل دیا تھا، جو چھٹی کے وقت اپنے بچوں کو اسکول سے لے کر گھر واپس جا رہا تھا۔ حادثے کے نتیجے میں صفدر حسین موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا تھا جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

واقعے کے بعد ایس ایچ او تھانہ دینہ سرمد ملک نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید تفتیشی طریقہ کار اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

اس حوالے سے طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ جہلم پولیس قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور غفلت و لاپرواہی سے انسانی جانیں ضائع کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Exit mobile version