تعلیم پھیلانے والے افراد معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی

جہلم: گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سنگھوئی کا نام باضابطہ طور پر تبدیل کر کے “گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج راجہ غضنفر علی خان سنگھوئی” رکھ دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ جہلم سے تعلق رکھنے والی ممتاز سماجی و تعلیمی شخصیت راجہ غضنفر علی خان کی شاندار قومی، ملی اور تعلیمی خدمات کے اعتراف میں کیا گیا۔
نام کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ "تعلیم پھیلانے والے افراد معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہوں نے علم کے چراغ روشن کر کے آنے والی نسلوں کو کامیابی کی راہیں دکھائیں۔”
ڈاکٹر اظہر کیانی نے طالبات کی سہولت کے لیے کالج کے لیے نئی بسوں کی فراہمی کا اعلان کیا اور کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھ سکتی ہیں۔
تقریب میں دیگر معزز مہمانوں اور سماجی شخصیات نے بھی خطاب کرتے ہوئے راجہ غضنفر علی خان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ان کی تعلیمی و فلاحی جدوجہد آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
کالج انتظامیہ کی جانب سے ان تمام شخصیات کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے ادارے کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر اہم مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ اہلِ علاقہ اور طلبات کی بڑی تعداد نے اس تاریخی لمحے میں شرکت کی۔



