اساتذہ قوم کے حقیقی معمار ہیں، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا ہے کہ اساتذہ کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی اثاثہ اور قوم کے حقیقی معمار ہیں، جو اپنی محنت، کردار اور قربانیوں سے قوموں کا مستقبل سنوارتے ہیں۔
وہ 5 اکتوبر کو عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر محکمہ تعلیم کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اساتذہ کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر توجہ دے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک باشعور، باادب اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے افسران، اسکولوں کے سربراہان اور بڑی تعداد میں اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ ضلع بھر سے تعلیمی اور انتظامی امور میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ، اسکول پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو خصوصی تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکمہ تعلیم کے تمام ملازمین کو شاباش دی اور کہا کہ ایسے اساتذہ ہی جہلم کے تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔



