پنڈدادنخان کے علاقہ بھیلووال کے باسی پینے کے صاف پانی کی ایک ایک بوند کو ترس گئے

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے علاقہ بھیلو وال کے رہائشی سابق کونسلر مشتاق احمد نے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ بھیلو وال کی آبادی پانچ ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور یہ پنڈ دادنخان خوشاب روڈ پر واقع ہے۔ یہ نہ صرف وطن عزیز بلکہ پوری دنیا کو معد نیات ، نمک ،کوئلہ ، جپسم مہیا کر رہا ہے اس وجہ سے اس کا زیر زمین پانی سخت کڑوا ہے۔ موجودہ حالات میں گاؤں کے باسی پینے کے صاف پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں ، حالات اس حد تک خراب ہو چکے ہیں کہ گاؤں کا ہر فرد پانی کی تلاش میں مارے مارے پھر رہا ہے۔

اس حوالے سے انہوں کہا کہ بھیلو وال گاؤں کو پینے کا پانی نڑومی ڈھن واٹر سکیم سے دیا جاتا ہے۔ آغاز سے لے کر گاؤں تک مین سپلائی لائن پر لِلہ ، ٹوبھہ اور سروبہ گاؤں کے لیے کنٹرول وال لگائے گئے جس کے ذریعے پانی کی منصفانہ تقسیم نہیں کی جاتی۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ کسی ایماندار شخص کی وال کھولنے اور بند کرنے کی ڈیوٹی لگائی جائے جس سے بھیلو وال گاؤں کو اس کے حصے کا پانی مل سکے۔ پیر کھارا سے لے کر بھیلو وال تک مین سپلائی لائن کے اردگرد ڈیرہ جات نے بھیلو وال کی مین سپلائی لائن پر غیر قانونی طور پر درجنوں کنکشن لگارکھے ہیں جس کی وجہ سے گاؤں میں پانی کا بہاؤ اور پر یشر نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ کہ غیر قانونی کنکشن ختم کروانے کے احکامات جاری کئے جائیں ۔ گاؤں کے اندر جانے والی سپلائی لائن لِلہ جہلم ڈیول کیرج وے تعمیر ہونے کیوجہ سے سڑک کے نیچے دب چکی ہے جس کیوجہ سے واٹر سپلائی لائن پر نصب کئے گئے وال زیر زمین دفن ہونے کیوجہ سے نا قابل استعمال ہو چکے ہیں جس کیوجہ سے پانی بر اور است کسی محلہ میں سپلائی نہیں ہورہا۔

انہوں نے کہا کہ گاؤں کے چند با اثر افراد نے مین گلی کی مین سپلائی لائن پر محکمہ کے ملازمین کے ساتھ ساز باز کرکے کنکشن لگارکھے ہیں جس وقت اگلے محلہ جات کے پانی کی باری آتی ہے وہ اس وقت بھی اپنی موٹریں بند نہیں کرتے جس کی وجہ سے آخری محلہ احمد شہید کالونی پانی کی بوند بوند کو ترس رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبادی زیادہ ہونے اور گرمی کی شدت کی وجہ سے پانی کی ضرورت زیادہ ہونے کی بدولت نڑومی ڈھن واٹر سکیم بھیلو وال کے لیے ناکافی ہے اس کو جاری رکھتے ہوئے بھیلو وال کی پرانی واٹر سپلائی سکیم جو کہ دریائے جہلم کے کنارے بنائی گی تھی کو بحال کر کے بھیلو وال کے رہائشیوں کو پانی مہیا کیا جائے۔

سابق کونسلر مشتاق احمد سمیت اہل محلہ نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ علاقہ مکینوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ مکینوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

Exit mobile version