پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم کی بڑی کارروائی، 4 من ناقص گوشت تلف، غیر قانونی سلاٹر ہاؤس سیل

جہلم میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 من ناقص گوشت برآمد کر کے غیرقانونی سلاٹو ہاؤس کو سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالا گجراں ریلوے پھاٹک کے قریب ایک حویلی میں قائم غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پکڑ لیا۔
ترجمان کے مطابق سلاٹر ہاؤس میں جعلی مہریں لگا کر ناقص اور باسی گوشت فروخت کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے دوران 4 من سے زائد ناقص گوشت موقع پر تلف کردیا گیا۔ ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کی جانچ کی اور اسے انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ متعلقہ میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے جبکہ غیر قانونی سلاٹر ہاؤس کو سیل کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ناقص اور مضر صحت گوشت کے خلاف صوبے بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔



