پڑی درویزہ: سوہاوہ کے علاقے پڑی درویزہ کے پہلے بی ڈی ممبر اور پاکستان مسلم لیگ کے کارکن ملک محمد شفیع کے بڑے بیٹے ملک صلاح الدین نے کھلونا نوٹوں پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، دیگر قومی ہیروز اور مقدسات کی تصاویر کی اشاعت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے اپنے خصوصی اخباری بیان میں کہا کہ یہ عمل ان قومی شخصیات اور مقدسات کی توہین کے مترادف ہے کیونکہ بچے ان نوٹوں کو کھیل کے دوران زمین پر پھینک دیتے ہیں، جس سے ان کی بے حرمتی ہوتی ہے۔
ملک صلاح الدین نے وفاقی وزیر خزانہ ، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کھلونا نوٹ چھاپنے والے تمام اداروں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ ان نوٹوں پر قومی ہیروز اور مقدسات کی تصاویر کی اشاعت فوری طور پر بند کریں اور مستقبل میں بھی اس پر مکمل پابندی برقرار رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو یاد رکھیں تو ہمیں احساس ہوگا کہ ہم ان عظیم شخصیات کی عزت کرنے میں کس قدر ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ نہ صرف خود ان قومی ہیروز کی قدر کریں بلکہ اپنے بچوں کو بھی ان کی اہمیت سے آگاہ کریں تاکہ آنے والی نسلیں اپنے محسنوں کو پہچان سکیں اور ان کا احترام کرنا سیکھیں۔
