سرکاری تنصیبات کی دیکھ بھال اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، ڈی پی او جہلم

دینہ: ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے جہلم کی تحصیل دینہ کے تھانہ منگلا کینٹ کا دورہ کیا۔
دورہ کے دوران ڈی پی او جہلم نے تھانہ کی بلڈنگ،SIPs پروٹوکول،فرنٹ ڈیسک،مال خانہ تھانہ،حوالات تھانہ اور میس ہال کا بھی جائزہ لیا اور تمام افسران کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کا حکم دیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ سرکاری تنصیبات اس ملک و قوم کی امانت اور پنجاب پولیس کا اثاثہ ہیں،ان کی دیکھ بھال اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں دی گئی ٹائم لائن کے اندر ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او جہلم نے افسران کو زیر تفتیش مقدمات کو بھی جلد از جلد یکسو کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹ ڈیسک اچھی حالت میں کام کرنے چاہئے، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں اور مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تھانہ جات کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پولیس کی کارکردگی جانچنے کےلئے تھانوں اور دفاتر کے وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔



