جہلم/ پنڈدادنخان: سید وقار حیدر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ذاتی محاسبہ اور اصلاح کا مہینہ ہے جس میں انسان کو اپنی زندگی کا جائزہ لینے اور بہتری کی جانب قدم بڑھانے کا بہترین موقع ملتا ہے۔
جلالپور شریف کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور سابق چیئرمین یونین کونسل جلالپور شریف سید وقار حیدر نے کہا کہ ہر مسلمان کو عزم کرنا چاہیے کہ وہ پہلے اپنی اصلاح کرے اور پھر مل جل کر معاشرے کی اصلاح کے لیے کردار ادا کرے تاکہ اپنے پیارے وطن پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ صیام انسان کو اپنی خواہشات اور نفس پر قابو پانے کی تربیت دیتا ہے جس کے ذریعے مومنین میں صبر، برداشت اور نظم و ضبط کے ساتھ زندگی گزارنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔
سید وقار حیدر نے کہا کہ ماہ رمضان تجارت نہیں بلکہ عبادت کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں دنیا دار لوگ مال کماتے ہیں جبکہ دیندار لوگ اعمال جمع کرتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے مال کو مستحقین پر خرچ کر کے اسے نیک اعمال میں تبدیل کریں اور زکوٰۃ و عطیات کی ادائیگی میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قربِ الٰہی حاصل کرنے کے لیے اپنے اردگرد موجود کمزور، غریب، نادار اور سفید پوش افراد کا خاص خیال رکھا جائے، ان کی مدد کی جائے اور ان کے دکھ درد میں شریک ہوا جائے۔ جو لوگ زندگی میں آسانیاں چاہتے ہیں انہیں دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تجوریاں بھرنے کے بجائے بھوکے انسانوں کا پیٹ بھرنا دونوں جہانوں میں کامیابی کا راز ہے۔ روزہ داروں کو چاہیے کہ اپنی روزی میں برکت کے لیے دعا کا اہتمام کریں اور اپنے اردگرد نظر رکھیں تاکہ اگر کوئی ضرورت مند ہو تو فوری طور پر اس کی مدد کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح نہ صرف معاشرہ ترقی کرے گا بلکہ حلال رزق میں برکت بھی ہوگی اور غریبوں کی دعائیں بھی حاصل ہوں گی۔
