جہلم میں بچوں کی لڑائی خونی تصادم میں تبدیل، فائرنگ سے 54 سالہ بس ڈرائیور جاں بحق

جہلم میں بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کودپڑے،معمولی جھگڑے پر 54 سالہ شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جہلم میں تھانہ چوٹالہ کے علاقے النگ میں پیش آیا، جہاں بچوں کے درمیان ہونے والی معمولی لڑائی بڑے تصادم میں تبدیل ہو گئی اور جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 54 سالہ بس ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بچوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، جو بعد ازاں دو رشتہ دار گروپوں کے درمیان جھگڑے کی شکل اختیار کر گئی۔ معاملہ شدت اختیار کرنے پر ملزم ارشد محمود نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں کولیاں خورد کا رہائشی 54 سالہ ذوالفقار عرف بھٹو ولد محمد صادق موقع پر جاں بحق ہو گیا، ریسکیو 1122 نے لاش کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم منتقل کر دیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ہیں، تاہم پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Exit mobile version