دینہ: پٹرولنگ پولیس کی غیرقانونی ناکہ بندی، ڈومیلی موڑ پر مقامی افراد کا احتجاج، انچارج تبدیل

دینہ: پٹرولنگ پولیس کی غیرقانونی ناکہ بندی، ڈومیلی موڑ کے مقام پر پٹرولنگ پولیس کے خلاف اہلیان علاقہ کا احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولنگ پولیس چک مہیوں دینہ کا غیر قانونی ناکہ مقامی عوام کیلئے بلخصوص دیہی علاقے کی خواتین کیلئے وبال جان بن چکا ہے، مقامی آبادی کے رہائشیوں کو دن میں جتنی بار نواحی علاقوں میں جانا پڑے اتنی بار پٹرولنگ پولیس کے جوان روک کر ڈرائیونگ لائسنس،شناختی کارڈ،گاڑی کے کاغذات اور مقامی ہونے کی تصدیق لازمی کرتے ہیں جبکہ دستاویزات نہ ہونے پرجرمانہ عائد کر دیا جاتا ہے۔
مقامی سیاسی اور سماجی عمائدین پٹرولنگ پوسٹ چک مہیوں کی اس غیر قانونی ناکہ بندی اور ناجائز جرمانوں سے سخت نالاں ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر اکثر خواتین بھی سوار ہوتیں ہیں۔ کاغذات، ہیلمٹ، شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس ہونے کے باوجود پٹرولنگ پولیس کے اہلکار طویل دورانئے تک سڑک پر کھڑا کرکے خواتین کے سامنے بدتمیزی سے پیش آتے ہیں، کار سرکار میں مداخلت کی دھمکیاں دیکر مقامی افراد کو حراساں کیاجاتا ہے۔
مقامی شہری نمبردار چوہدری وقار،مہر لیاقت نے اہلیان علاقہ کی آوازارباب اختیار تک پہنچانے کے لئے پرامن احتجاج کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او راولپنڈی سرفراز سے نوٹس اورپٹرولنگ پولیس چک مہیوں کے عملے کو ضلع بدر کرنے کا مطا لبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔
دوسری جانب اہلیان علاقہ کے احتجاج کے بعد پٹرولنگ پولیس چک مہیوں کے انچارج کو تبدیل کر کے سب انسپکٹر وسیم کو انچارج پٹرولنگ پولیس چک مہیوں تعینات کر دیا گیا۔



