ریسکیو 1122 جہلم نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے ایمرجنسی پلان ترتیب دے دیا

جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی حفاظت اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جامع ایمرجنسی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ ریسکیو 1122 عید کے تینوں دن مکمل ہائی الرٹ پر رہے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں کنٹرول روم انچارج، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر، سینئر اکاؤنٹنٹ اور تمام تحصیلوں کے اسٹیشن انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات اور دستیاب وسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
انجینئر سعید احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا عملہ عیدالاضحیٰ کے دوران مکمل تیاری کے ساتھ ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔ ایمرجنسی پلان کے تحت ضلع بھر کی عید گاہوں، اہم مقامات اور قربانی کے بڑے مراکز پر ایمرجنسی وہیکلز، میڈیکل ٹیمیں اور دیگر عملہ تعینات کیا جائے گا جو کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری رسپانس فراہم کریں گے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر قربانی کے دوران صفائی اور حفاظتی اصولوں کا خیال رکھیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔



