امن و امان کے قیام اور 21 رمضان کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے، ڈی پی او جہلم

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیر نگرانی ڈی پی او آفس میں لا اینڈ آرڈر کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایس پی انویسٹیگیشن محمد سکندر گوندل، ڈی ایس پی انویسٹیگیشن، ڈی ایس پی ٹریفک اور ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی جبکہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک میٹنگ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈی پی او آفس کے مختلف برانچز کے انچارج بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اجلاس کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، جاری سرچ آپریشنز، ناکہ بندی اور جرائم کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے 21 رمضان المبارک کے حوالے سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سیکیورٹی، گشت اور ناکہ بندی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور شائستگی سے پیش آئیں اور اپنی ڈیوٹی مکمل الرٹ ہو کر اور ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔



