جہلم پولیس کی اہم کارروائی، پیشہ ور بھکاری خاتون گرفتار

جہلم میں پولیس نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے مؤثر کارروائی کے دوران پیشہ ور بھکاری خاتون کو حراست میں لے لیا، جس کے خلاف تھانہ سٹی میں باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق پیشہ ور بھکاری نہ صرف مختلف شاہراہوں اور چوک چوراہوں پر کھڑے ہو کر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنتے ہیں بلکہ حادثات کا سبب بھی بن سکتے ہیں، جو شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہر میں امن و امان اور ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور اس سلسلے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں، تاکہ اس سماجی مسئلے کا مؤثر تدارک ممکن ہو سکے۔



