دینہ میں سبزیوں کی قیمتیں بے قابو، سرکاری نرخ نامے نظرانداز، من مانے داموں فروخت جاری

دینہ میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، دکانداروں نے سرکاری نرخ ناموں کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانے داموں فروخت شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ سرکاری نرخ نامے کو نظرانداز کرتے ہوئے دکاندار مبینہ طور پر اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث عام شہریوں کے لیے روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق اس وقت دینہ کی مارکیٹ میں سبزیاں درج ذیل نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں:
- مٹر: 600 روپے فی کلو
- ٹماٹر: 250 روپے فی کلو
- پیاز: 200 روپے فی کلو
- بینگن: 200 روپے فی کلو
- گوبھی: 200 روپے فی کلو
شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بازاروں میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کوئی مؤثر نگرانی دکھائی نہیں دے رہی۔ ان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر دینہ اور مارکیٹ کمیٹی کے متعلقہ حکام کی جانب سے عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں، صرف دفتری کارروائیوں تک محدود رہنے کے بجائے بازاروں میں قیمتوں کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی اور گرانفروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی کے اضافی بوجھ سے ریلیف مل سکے۔



