جہلم: محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق جہلم اور گردونواح میں مسلسل بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خطرہ موجود ہے۔ نالہ بہناں اور نالہ گھان میں گزشتہ روز پانی کی سطح بلند رہی تاہم بارشی پانی سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے جلالپور شریف میں نالہ گھنڈر بھپھر گیا، جس کے باعث کوہستان نمک نیلہ وان کا پہاڑی پانی کندوال سمیت دیگر دیہات میں داخل ہو گیا۔ سیلابی ریلے نے کندوال-عیسیٰ وال سڑک کو بہا دیا، جس سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حالیہ بارشوں کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ندی نالوں، آبی گزرگاہوں اور دریائے جہلم کے کناروں پر آباد مکینوں کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں اور متاثرہ علاقوں میں صورتِ حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
