کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل، اپیلیں 3 جنوری تک دائر کی جا سکیں گی

جہلم: آئندہ عام انتخابات 2024 کے لیے ریٹرننگ افسران کی جانب سے ضلع جہلم کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام مکمل ہوگیا ہے۔جانچ پڑتال کے کام کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے 25 سے 30 دسمبر تک کا وقت رکھا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ریٹرنگ افسران کی جانب سے جہلم کی دو قومی اور تین صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 169 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی ہے ۔کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 3 جنوری تک دائر کی جاسکیں گی۔
اپیلوں پر فیصلوں کے لیے 24 اپیلٹ ٹربیونلز قائم کر دیے گئے ہیں جو 10 جنوری تک ان اپیلوں کو نمٹائیں گے۔ امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو شائع کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی 12 دسمبر کو واپس لیے جاسکیں گے۔امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہوگی جبکہ پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔



