مہنگائی کے سائے میں ضلع جہلم کی مویشی منڈیاں آباد، بیوپاری پُرامید، شہری قربانی کے جانور خریدنے سے پریشان

جہلم: عیدالاضحیٰ 2026 کی آمد کے ساتھ ہی ضلع جہلم میں مویشی منڈیاں آباد ہو چکی ہیں، تاہم رواں برس بڑھتی ہوئی مہنگائی نے قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کو شدید متاثر کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان کی مویشی منڈیوں میں بیوپاری دن بھر گاہکوں کے منتظر دکھائی دیتے ہیں جبکہ شہری مہنگے داموں کے باعث منڈیوں کا رخ کرنے سے گریزاں ہیں۔

بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ چارے، ٹرانسپورٹ، ادویات اور جانوروں کی دیکھ بھال کے اخراجات میں مسلسل اضافے نے انہیں جانوروں کی قیمتیں بڑھانے پر مجبور کر دیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں کم نرخ پر جانور فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکی ہیں۔ متعدد خریدار منڈیوں میں صرف قیمتیں پوچھ کر واپس لوٹ جاتے ہیں جبکہ گزشتہ برسوں کی نسبت اس مرتبہ مویشی منڈیوں میں رش بھی کم دکھائی دے رہا ہے۔

شہری حلقوں نے شکایت کی ہے کہ مصنوعی مہنگائی اور من مانے نرخوں کے باعث سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی مشکل بنتی جا رہی ہے۔

عوام نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی منڈیوں میں قیمتوں کی نگرانی یقینی بنائی جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی بھی قربانی کی سعادت حاصل کر سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button