ریسکیو 1122 جہلم کا بروقت اقدام، امتحان کے دوران طبیعت خراب ہونے والی طالبہ کو فوری طبی امداد فراہم کی

جہلم: ریسکیو 1122 جہلم کا ایک اور قابلِ تحسین اقدام، بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک طالبہ کو فوری طبی امداد فراہم کر کے نہ صرف اس کی صحت کو سنبھالا بلکہ اس کا قیمتی تعلیمی سال بھی بچا لیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں فیصل آباد یونیورسٹی کے سالانہ امتحانات جاری تھے کہ اچانک ایک طالبہ کی طبیعت ناساز ہو گئی۔ کالج انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، جس پر ریسکیو ٹیم بروقت موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو اہلکاروں نے طالبہ کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، ڈرپ لگائی گئی، اور اہلکار مسلسل امتحانی ہال میں موجود رہے تاکہ طالبہ پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔ حیرت انگیز بات یہ تھی کہ طالبہ نے ڈرپ لگی حالت میں بھی امتحان جاری رکھا۔
طالبہ، ان کے والدین اور کالج انتظامیہ نے ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر ریسکیو ٹیم بروقت نہ پہنچتی تو طالبہ کو ہسپتال منتقل کرنا پڑتا اور اس کا پرچہ ضائع ہو جاتا۔
ریسکیو 1122 کی اس بروقت امداد کو عوامی و تعلیمی حلقوں کی جانب سے بھی بھرپور سراہا جا رہا ہے، جو ادارے کی عوامی خدمت اور فرض شناسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔



