مذہبی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر جہلم پل بند کرنے کی تیاریاں، دفعہ 144 نافذ، 10 کارکن گرفتار

جہلم: مذہبی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر لیے ہیں۔

دریائے جہلم پر تینوں پلوں کو بند کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں جبکہ سرائے عالمگیر پولیس کی جانب سے بڑی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ پولیس نے ٹرک، ڈمپر اور ٹرالر بند کر کے پل کے نزدیک پہنچا دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے مذہبی جماعت کے 10 متحرک کارکنان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ دریائے جہلم کے دونوں پلوں کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے دفعہ 144 کا فوری نفاذ کر دیا ہے۔ ڈی سی آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ پابندی 8 اکتوبر 2025 سے 15 اکتوبر 2025 تک ضلع جہلم کی تمام حدود میں نافذالعمل رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت ہر قسم کے سیاسی و غیر سیاسی اجتماع، احتجاج اور ریلی پر پابندی ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہدایت کی ہے کہ حکم عدولی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button