لیبر نے ہمیشہ یکساں پالیسیاں اپنائیں اورعوام کی نبض پر ہاتھ رکھا، شبانہ محمود

برمنگھم: برطانیہ کی نو منتخب ممبر پارلیمنٹ اور وزیر انصاف شبانہ محمود نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی پارٹی انسانیت کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے۔ لیبر نے ہمیشہ یکساں پالیسیاں اپنائیں اور عوام کی نبض پر ہاتھ رکھا ۔کامیاب اور بہترین پالیسیوں ہی کی بدولت آج لیبر کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا چوہدری سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور اقتدار میں لیبر پارٹی عوامی پالیسیاں بنائے گی جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی اور زندگیوں کو آسان بنایا جائے گا۔ اپنی عوام اور اپنے حلقے کے عوام کی شکرگزار ہوں جنہوں نے انہیں اور لیبر پارٹی کا کامیاب کیا۔
اس موقع پر رضا چوہدری نے کہا کہ وہ شبانہ محمود کی صلاحیتوں کے متعرف ہیں اور ان کی لابنگ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نےہمیشہ کمیونٹی کے مسائل کی بات کی اور انسانیت کی خدمت کی ہے۔
رضا چوہدری نے کہا کہ وہ آئندہ بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ آپس میں اعتماد کا رشتہ قائم رہے اور ہم سب مل جل کر عوامی فلاح و بہبود کا کام کر سکیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی پسندیدہ پارٹی ہےجو صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کامیابی کی طرف رواں دواں ہے۔
اس موقع پر رضا چوہدری نے شبانہ محمود کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں کمیونٹی کے دیگر افراد بھی موجود تھے جنہوں نے شبانہ محمود کی کامیابی پر انہیں مبارک باد دی۔


