جہلم کے سرکاری سکولوں میں مفت درسی کتب کی قلت کا سامنا

جہلم: سرکاری سکولوں میں مفت درسی کتب کی قلت کا سامنا، تعلیمی سال شروع ہوئے ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن بچوں کو سو فیصد مفت درسی کتب نہ مل سکیں۔
پرائمری اورمڈل سکولوں میں 80 فیصد اور ہائی سکولوں میں صرف 50 فیصد بچوں کو ہی مکمل کتابوں کا سیٹ مل سکے جس کے باعث طلباوطالبات کو پڑھنے میں شدید مشکلات کاسامنا ہے۔
پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے تاحال نئی کتابوں کی دوسری قسط سکولوں کو فراہم نہیں کی جاسکی۔چھٹی جماعت کی انگریزی، اسلامیات،تاریخ اور جفرافیہ کی کتاب بھی دستیاب نہیں۔
آٹھویں جماعت کی ریاضی اور جنرل سائنس کی کتابیں بھی بچوں کے پاس موجود نہیں۔اسی طرح نہم جماعت کی بیالوجی اور کمپیوٹر کی کتاب بچوں کو تاحال نہیں مل سکی، والدین پریشانی میں مبتلا ہیں۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مفت درسی کتب کی فراہمی مرحلہ وارجاری ہے، موسم گرما کی تعطیلات سے قبل 15 مئی تک تمام سکولوں میں مفت کتابیں فراہم کردی جائیں گی۔



