دینہ: مین بازار میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن، متعدد دکانوں کے فرنٹ اور تھڑے مسمار

دینہ مین بازار میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا، جس کے دوران کئی دکانوں کے فرنٹ، پختہ تھڑے اور سائن بورڈ مسمار کر دیے گئے۔ تجاوزات کے خلاف اس بلا تفریق کارروائی میں ہیوی مشینری کا استعمال کیا گیا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس ہائی الرٹ رہی۔
آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد خود کر رہی تھیں جبکہ تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا، ایم او آئی سہیل اشرف، ہیڈ کلرک میاں سہیل اور پٹواری چوہدری امجد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ آپریشن کے دوران کئی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی تجاوزات کو ہٹانا شروع کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف یہ مہم بلا تفریق جاری رہے گی اور اگلے مرحلے میں داتا روڈ، منگلا روڈ اور ریلوے روڈ پر بھی آپریشن شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن اتوار کے روز بھی اسی رفتار سے جاری رہے گا، اور نالوں کے حوالے سے بھی جلد فیصلہ کر لیا جائے گا تاکہ سڑکوں کو ایک ہی لیول پر لا کر بازار کو کشادہ بنایا جا سکے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی حکمت عملی طے کی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد تجاوزات کے دوبارہ قیام کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے، جس میں ایف آئی آر درج کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔ آپریشن کے دوران کسی بھی ممکنہ مزاحمت یا ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
شہریوں نے تجاوزات کے خاتمے کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بازار کھلا اور منظم ہو جائے گا، جس سے عوام کو آمد و رفت میں سہولت ملے گی۔



