عبادات پورے خلوص سے ادا ہوں تو حالات بدل جاتے ہیں، امیر عبدالقدیر اعوان

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ بندہ مومن پر زندگی میں کتنے ہی کٹھن مراحل آجائیں اگر وہ خلوص دل کے ساتھ رجو ع الی اللہ کرے تو بڑے احسن طریقے سے اس میں سے نکل آتاہے اور تعلق مع اللہ سے اُسے وہ قوت ملتی ہے کہ اُس کے فیصلے دین اسلام کے تحت ہوتے ہیں اور اُنہی میں بھلائی ہوتی ہے۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صالح عمل کے لیے رزق حلال بھی ہو اور طیب بھی یہ لازم و ملزوم ہیں۔کفریہ طاقتیں جہاں مسلمانوں کے لیے بے حیائی اور فحاشی کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں وہاں وہ ہمارے کھانوں میں حرام کی آمیزش کر رہے ہیں کیونکہ حرام کھا کر عمل صالح نہیں ہو سکتا، حرام کھا کر بندہ برائی ہی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج اور عمرہ کی عظمتیں دیکھیں وہاں جگہ نہیں ملتی جب حاجی پلٹ کر آتے ہیں تو معاشرے میں ہمیں نظرکیوں نہیں آتے؟ حقوق و فرائض کی ادائیگی میں کہاں ہیں،حاجی تو ہر جگہ موجود ہیں لیکن معاملات میں نظر کیوں نہیں آتے۔تو پتہ چلا کہ جب ادائیگی خالص اللہ کے لیے ہو گی تب معاملات بھی درست نظر آئیں گے معاشرے میں بھی خوبصورتی نظر آئے گی۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ مشکل تب پیش آتی ہے جب ہم سیدھے راستے سے ہٹ جاتے ہیں جنگل اور جھاڑیوں کی طرف چلے جاتے ہیں۔عبادات پورے خلوص سے ادا ہوں تو حالات بدل جاتے ہیں۔ہماری مصرفیت میں سب سے پہلے ہم نماز چھوڑ تے ہیں جو فرائض میں سب سے بڑا فرض ہے معراج شریف کا تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نماز اللہ کی نہیں ہماری ضرورت ہے جیسے وجود کے لیے کھانے کی ضرورت ہے اس سے زیادہ ضرورت فرائض کی ہے۔خوراک اور سانس کتنی دیر چلے گی جب کہ فرائض کی ادائیگی آخرت میں بھی ہمارے کام آئے گی۔
یاد رہے کہ دارالعرفان منارہ میں دور وزہ ماہانہ روحانی اجتماع کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں ملک بھر سے سالکین سلسلہ عالیہ اپنی روحانی تربیت کے لیے شرکت کریں گے۔ امیر عبدالقدیر اعوان اتوار کو دن گیارہ بجے خطاب کریں گے اور خصوصی دعا بھی ہوگی۔دعوت عام دی جاتی ہے کہ اس بابرکت اجتماع میں شرکت فرما کر اپنے دلوں کو برکات نبوتﷺ سے منور فرمائیں۔



