ضلع جہلم کو پولیو سے پاک رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “پولیو فری پنجاب” مشن کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع جہلم میں آئندہ انسدادِ پولیو مہم 2 فروری سے 5 فروری 2026 تک چلائی جائے گی، جس کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 28 ہزار 908 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم نے بتایا کہ اس ہدف کے حصول کے لیے ضلع کی 56 یونین کونسلز میں مجموعی طور پر 1094 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ اس کے علاوہ 74 فکسڈ مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ بس اسٹینڈز اور ریلوے اسٹیشنز پر 24 ٹرانزٹ ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں گی، تاکہ سفر کے دوران کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے مہم کی مانیٹرنگ کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سو فیصد ہدف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون کے ساتھ مہم کو کامیاب بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ضلع کا کوئی بھی بچہ عمر بھر کی معذوری سے بچانے والے ان قطروں سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔

اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق جہلم کو پولیو سے پاک رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کے لیے انہیں پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button