پنڈدادنخان میں ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 16 سالہ نوجوان جاں بحق

پنڈدادنخان میں ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 16 سالہ نوجوان ٹریکٹر تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے ٹوبھہ میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جہاں گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج پنڈدادنخان میں فرسٹ ایئر کا طالبعلم 16 سالہ علی مصطفیٰ ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق علی مصطفیٰ ٹریکٹر چلاتے ہوئے اسے قابو نہ رکھ سکا اور سڑک کے کنارے واقع ایک گہری کھائی میں جا گرا، جو کیچڑ اور سیوریج کے پانی سے بھری ہوئی تھی۔ افسوسناک طور پر حادثے کے نتیجے میں علی مصطفیٰ کا دم گھٹ گیا اور زہریلے پانی کے جسم میں داخل ہونے سے وہ جانبر نہ ہو سکا۔

حادثے کے وقت وہاں موجود افراد نے مدد کرنے کی بجائے موبائل فون نکال کر ویڈیوز اور تصاویر بنانے میں مصروف رہے، جس پر اہل علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ تاہم بلال نامی ایک نوجوان اور طارق نامی دکاندار نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے علی مصطفیٰ کو پانی سے نکالا، لیکن بدقسمتی سے وہ اس وقت تک جان کی بازی ہار چکا تھا۔

مرحوم کی نماز جنازہ میں گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج پنڈدادنخان کے طلباء، اساتذہ اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علاقے میں اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی شہریوں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید ردعمل دیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button