جہلم: سمال انڈسٹر یل اسٹیٹ میں سوئی گیس کی فراہمی کا پراجیکٹ سردخانے کی نذر، کئی دہائیاں قبل انڈسٹری مالکان نے حصول سوئی گیس کے لیے لاکھوں کروڑوں روپے سرکاری خزانے میں جمع کروائے آج تک سوئی گیس مہیا نہیں ہو سکی ۔ کئی حکومتیں بدل گئیں یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے جہلم سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے انڈسٹری مالکان کی سہولت کے لیے سوئی گیس کنکشنز کی فراہمی کا اعلان اس وقت کیا جب وہ بطور وزیر اعلی پنجاب خدمات سرانجام دے رہے تھے،جس پر مقامی تاجروں نے سوئی گیس کنکشنز حاصل کرنے کے لیے لاکھوں کروڑوں روپے سرکاری خزانے میں جمع کروائے۔
اس کے بعد محکمہ سوئی نادرن گیس پائپ لائن نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے انڈسٹری مالکان کو سوئی گیس مہیا کرنے کی بجائے دائیں بائیں سی این جی اسٹیشنزپر گیس کے کنکشنز مہیا کر دئیے، کئی دہائیا ں گزرجانے کے باوجود آج تک جہلم کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کو سوئی گیس کی سہولت مہیا نہیں کی گئی۔
اس کی وجہ سے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے انڈسٹری مالکان سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے بڑے شہروں میں اپنے کاروبار منتقل کر چکے ہیں ،جس کی وجہ سے جہلم کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔
