جہلم: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت لوگوں کے مسائل سنے جاتے ہیں اور ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چوہدری ناصر محمود باجوہ نے بھی شہریوں کے مسائل سنے اور درخواستیں متعلقہ افسران کو مارک کر کے مختص کردہ ٹائم میں داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرنے شکایات سیل کے زمہ داران کو درخواستوں کا فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر محمود باجوہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ضلع بھر کے تمام تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کی سہولت کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں آنے والے شہریوں کیساتھ اچھے اخلاق سے پیش آ کر ان کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے اور بلا وجہ انتظار نہ کروایا جائے ۔ دفاتر، تھانہ جات میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ کسی بھی وجہ سے شہریوں کا تھانہ جات میں کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا تو شہری بلا جھجھک میرے دفتر تشریف لائیں ، انکے مسائل کا حل یقینی بنایا۔ جائے گا ۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ جرائم کے خاتمہ کے لیے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے ۔ جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے ارد گرد ہونے والے جرائم کی نشاندہی کریں تا کہ بروقت کارروائیاں عمل میں لائی جاسکیں اورجرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔
