جہلم میں آئیسکو کی ناقص حکمت عملی اور عملے کی کمی سے بجلی کی فراہمی کا نظام درہم برہم، صارفین پریشان حال

جہلم: آئیسکو سرکل جہلم کی اربن سب ڈویژن میں افسران کی ناقص حکمت عملی، عملے کی کمی اور بوسیدہ ٹرانسفارمرز کی تنصیب کے باعث بجلی کی فراہمی کا نظام شدید متاثر ہو چکا ہے۔ متعدد علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے جس سے صارفین شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔

ذرائع کے مطابق اربن سب ڈویژن میں کئی علاقوں میں بجلی کے ٹرانسفارمرز ناقابلِ استعمال ہو چکے ہیں اور نئے ملازمین کی بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے نظام سنبھالنا مشکل تر ہو گیا ہے۔ لائن اسٹاف کی کمی کے باعث تکنیکی مسائل کے فوری ازالے میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے، جس کا خمیازہ براہ راست صارفین کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

شدید کام کے دباؤ کے باعث کئی ملازمین بلڈ پریشر، شوگر اور ڈپریشن جیسی بیماریوں میں مبتلا ہو کر نفسیاتی دباؤ کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ متعدد لائن مین چڑچڑے پن اور تھکن کی وجہ سے متاثر ہو رہے ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے باوجود سب ڈویژن دفتر میں کوئی بھی اہلکار موجود نہیں ہوتا جو صارفین کی کال سن سکے یا شکایات پر توجہ دے سکے۔ ایسے میں عوام کی جانب سے آئیسکو انتظامیہ کو بارہا شکایات کی گئی ہیں، تاہم کوئی خاطر خواہ بہتری دیکھنے میں نہیں آئی۔

مزید برآں بلوں کی تقسیم کا نظام بھی ٹھیکیداری ماڈل کے تحت دیا گیا ہے، جس کے باعث اکثر صارفین کو بروقت بل موصول نہیں ہوتے، جس سے نہ صرف بروقت ادائیگی میں مشکلات پیش آتی ہیں بلکہ اضافی سرچارج اور جرمانے بھی عائد ہو جاتے ہیں۔

اربن سب ڈویژن کے صارفین نے آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سب ڈویژن میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے، ناقص ٹرانسفارمرز کو تبدیل کر کے جدید سہولیات مہیا کی جائیں اور ایک فرض شناس و اہل سب ڈویژنل آفیسر کو تعینات کیا جائے جو صارفین کے مسائل کو سنجیدگی سے لے کر بروقت حل کر سکے۔ بصورت دیگر، عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button