جہلم میں الیکٹرک بس اسٹاپس کی تعمیر میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف، شہریوں کا اظہار تشویش

جہلم میں الیکٹرک بسوں کے لیے تعمیر کیے جانے والے گرین بس اسٹاپس کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ناقص تعمیراتی میٹریل کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ شہریوں نے منصوبے کے معیار اور بس اسٹاپس کی جگہ کے انتخاب پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہلم شہر، منگلا، چک دولت ٹیکنیکل کالج اور سنگھوئی کے روٹ پر الیکٹرک بسوں کی سہولت کے لیے تقریباً ایک درجن سے زائد گرین بس اسٹاپس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ان اسٹاپس کے ٹینڈرز لاکھوں اور کروڑوں روپے کی خطیر لاگت سے منظور کیے گئے ہیں، تاہم تعمیراتی کام کے آغاز کے ساتھ ہی منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ناقص میٹریل کے استعمال سے متعلق شکایات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
شہریوں کے مطابق بس اسٹاپس کی تعمیر میں انتہائی ہلکی اور غیر معیاری چادر کے پائپ استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ بعض پائپ زنگ آلود بھی دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ بعض مقامات پر بس اسٹاپس کی تعمیر سڑک کے بالکل قریب کی جا رہی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور مستقبل میں حادثات کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں، تعمیراتی میٹریل کے معیار اور بس اسٹاپس کے لیے منتخب کردہ مقامات کی شفاف انکوائری کروائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعمیراتی کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری خزانے کے ممکنہ ضیاع کو روکا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ، معیاری اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



