جہلم میں دو بہنوں سے پانچ افراد کی گن پوائنٹ پر مبینہ اجتماعی زیادتی

جہلم میں دو بھائیوں سمیت پانچ افراد نے گھروں میں کام کرنے والی دو بہنوں کو مزدوری دینے کے بہانے گن پوائنٹ پر مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا،ڈی پی او جہلم کے حکم پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں گھروں میں کام کرنے والی دو بہنوں (ف، ا) کو مزدوری دینے کے بہانے جادہ نزد طارق نرسری میں دو بھائیوں اویس اور بابو پسران پاشا نے طلحہ ولد ندیم اور دو نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر گن پوائنٹ پر مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دونوں بہنوں کو مزدوری دینے کے بہانے بیٹھک میں بلا کر مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزمان نے دونوں بہنوں کو زیادتی کے بعد حبس بے جا میں رکھتے ہوئے دھمکیاں بھی دیں کہ پولیس کے پاس گئیں تو جان سے مار دیں گے۔
دونوں بہنیں ملزمان سے چھپ کر ڈی پی او جہلم کی کھلی کچہری میں جا پہنچی اور سارا واقعہ بیان کر دیا۔ ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کے حکم پر تھانہ کالا گجراں نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر بلیک میلنگ گروہ کی جانب سے ملزمان سے لاکھوں روپے بٹورنے کیلئے زیادتی کا ڈرامہ رچایا گیا ہے۔ تھانہ کالا گجراں کے ایس ایچ او ملک نثار کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔



