منگلا پولیس کی اہم کارروائی، پتنگیں رکھنے والا ملزم گرفتار، پتنگیں اور ڈوریں برآمد

2
دینہ: منگلا پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے پتنگیں رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
یہ کارروائی ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور ان کی ٹیم نے عمل میں لائی۔ حکومتِ پنجاب کی جانب سے پتنگ بازی اور پتنگ فروشی پر مکمل پابندی عائد ہے، جس کے باوجود ملزم نے غیر قانونی طور پر پتنگیں اپنے قبضے میں رکھ کر جرم کا ارتکاب کیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 25 عدد پتنگیں اور 06 عدد ڈوریں برآمد کر لیں۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ منگلا کینٹ میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ پتنگ فروشی، پتنگ بازی اور شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ایسے عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔



