شہریوں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور دستیابی کا جائزہ لینے کے لیے نگہبان رمضان بازار مشین محلہ نمبر 2 کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے مختلف اسٹالز، سیکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا جبکہ شہریوں کی رہنمائی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے قائم سہولت کاؤنٹر کی کارکردگی بھی چیک کی۔
ڈپٹی کمشنر نے بازار میں موجود اشیاء کی کوالٹی خود جانچی اور انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ سرکاری نرخ ناموں پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سہولت کاؤنٹر کے عملے کو پابند کیا کہ شہریوں کی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا جائے اور سستی اشیاء کی خریداری میں بھرپور معاونت فراہم کی جائے۔
میر رضا اوزگن نے شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے انتظامات اور قیمتوں کے بارے میں رائے لی اور واضح کیا کہ کسی بھی اسٹال ہولڈر کی جانب سے گراں فروشی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ضلع بھر کے رمضان بازاروں اور سہولت کاؤنٹرز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ جاری رہے گی تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی وافر دستیابی، مقررہ نرخوں پر فروخت اور صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اس ضمن میں نرخ نامے نمایاں اور واضح انداز میں آویزاں کرنے، سائن بورڈز کی درستگی، انفارمیشن کاؤنٹرز کی فعالیت اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی ہمہ وقت موجودگی کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔



