جہلم میں قصابوں کی من مانی، لاغر جانوروں کا مہنگا گوشت فروخت، شہری سراپا احتجاج

جہلم: ضلع جہلم کے شہری قصابوں کی مبینہ من مانی اور استحصالی رویوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ قصاب نہ صرف سرکاری نرخنامے کو نظر انداز کرتے ہوئے من مانے دام وصول کر رہے ہیں بلکہ لاغر اور بیمار مادہ جانوروں کا گوشت بھی فروخت کر رہے ہیں، جسے اکثر گندے نالوں کے قریب اور کھلے ماحول میں لٹکایا جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے سرکاری نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث عوام شدید مایوسی اور پریشانی کا شکار ہیں۔
عوامی حلقوں نے زور دیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عمل کرایا جائے، صرف صحت مند جانوروں کو ذبح کرنے کی اجازت دی جائے اور حفظان صحت کے اصولوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تاکہ شہریوں کو معیاری اور صحت مند گوشت فراہم ہو سکے۔
انہوں نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر جہلم اور ایس ڈی او او پیرا سے مطالبہ کیا ہے کہ گوشت کی صنعت کو فوری طور پر ریگولیٹ کیا جائے اور قیمتوں میں ہونے والی ہیرا پھیری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
مزید برآں شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قصابوں کی دکانوں پر لازمی طور پر جالیاں نصب کرائی جائیں تاکہ مکھیاں اور مچھر گوشت کو آلودہ نہ کر سکیں اور عوام بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔



