مریم نواز ہیلتھ کلینک جلالپور شریف میں ڈاکٹرز کی آسامیاں خالی، مریضوں کو مشکلات کا سامنا

جہلم کے تاریخی قصبہ جلالپور شریف میں مریم نواز ہیلتھ کلینک میں ڈاکٹرز نہ ہونے سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے تاریخی قصبہ جلالپور شریف میں قائم مریم نواز ہیلتھ کلینک میں ڈاکٹرز کی آسامیاں خالی ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور علاج معالجے کے لیے لوگوں کو دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔

یونین کونسل جلالپور شریف میں قائم اس ہیلتھ کلینک میں ڈاکٹرز کی کمی کے باعث مختلف امراض میں مبتلا مریض بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہیں معمولی مرض یا ہنگامی صورتحال میں بھی علاج کے لیے منڈی بہاؤالدین، جہلم، سرگودھا اور راولپنڈی کے اسپتالوں کا سفر کرنا پڑتا ہے، جس سے وقت اور اخراجات میں اضافہ ہونے کے ساتھ مریضوں کی صحت کو بھی خطرات لاحق رہتے ہیں۔

عوامی و سماجی حلقوں نے کہا ہے کہ مریم نواز ہیلتھ کلینک جلالپور شریف کا قیام عوام کو مقامی سطح پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیا گیا تھا، تاہم ڈاکٹرز کی کمی کے باعث یہ مقصد پورا نہیں ہو پا رہا۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور مشیرِ صحت پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی سے مطالبہ کیا ہے کہ کلینک میں خالی آسامیوں پر فوری طور پر ڈاکٹرز تعینات کیے جائیں، تاکہ علاقے کے عوام معیاری اور بروقت طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button