سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقے بڑاگواہ میں منعقدہ سنگل کراس وکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اسامہ جوجی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ گیندوں پر چھ چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو فائنل جتوا دیا۔ اس یادگار کارکردگی پر اسامہ نے سجدہ شکر ادا کیا جبکہ شائقین نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔
جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں اس ٹورنامنٹ کا اہتمام چوہدری رخسار علی اور نبیل حسن جٹ نے کیا، جس میں ضلع بھر سے 40 ٹیموں نے شرکت کی۔ اس اہم ایونٹ کو دیکھنے کے لیے بچوں، نوجوانوں، اور بزرگوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔
اسامہ جوجی کی ٹیم تمام راؤنڈز جیت کر فائنل تک پہنچی، جہاں انہوں نے پہلے بالنگ کرتے ہوئے ایک اوور میں پانچ چھکے کھائے، مگر بیٹنگ میں چھ گیندوں پر چھ چھکے مار کر دھواں دھار فتح حاصل کی۔
ٹورنامنٹ کے مہمانانِ خصوصی میں معروف سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں، جن میں راجہ تنویر پنوار (سرپرست اعلیٰ تحصیل پریس کلب سوہاوہ)، ابرار نجیب گجر (ڈائریکٹر روہتاس انٹرنیشنل سکول)، راجہ محمد انور کیانی (سابق ہیڈ ماسٹر)، چوہدری نبیل احمد پدھری، راجہ محسن کیانی (مسلم لیگ ن رہنما)، راجہ الفت پدھری، شکیل کھٹانہ، چوہدری مظہر حسین بھاٹی، چوہدری شاہد اقبال، راجہ وسیم کیانی (پنجاب پولیس)، خان نثار اور چوہدری نسیم پوٹھہ شامل تھے۔
اس موقع پر پہلوان راجہ احسان شیر کیانی قادری کی جانب سے تمام ٹرافیاں اسپانسر کی گئیں جبکہ ونر اور رنر اپ ٹیموں میں انعامات کی تقسیم مہمانوں کے ہاتھوں عمل میں لائی گئی۔ تقریب کے دوران آفیشل اسکورر راجہ کامران اسحاق آف گتر کی سالگرہ بھی منائی گئی اور دوستوں نے کیک کاٹ کر انہیں مبارکباد دی۔
ٹورنامنٹ میں ڈی سی سی کے عہدیداران و ممبران نے بھی شرکت کی۔ آخر میں منتظمین چوہدری رخسار علی اور نبیل حسن جٹ نے مہمانوں، اسپانسرز، ٹیموں، ڈی سی سی اراکین، انتظامیہ اور شائقین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔
