یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ ناپید، سفید پوش طبقہ مہنگائی کے بوجھ تلے دب گیا

جہلم: ضلع جہلم بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھریلو استعمال کی بنیادی اشیائے ضروریہ کی طویل عرصے سے عدم دستیابی نے سفید پوش طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ شہری حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت تحصیلوں میں قائم بیشتر یوٹیلیٹی اسٹورز پر گزشتہ دو سے اڑھائی ماہ سے آٹا، چینی، گھی، خوردنی تیل، دالیں اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ دستیاب نہیں۔ اس شدید قلت کے باعث غریب اور نادار افراد کے ساتھ ساتھ سفید پوش طبقہ بھی مہنگے داموں نجی میگا اسٹورز سے خریداری کرنے پر مجبور ہو گیا ہے، جہاں پر اشیاء سرکاری نرخوں کے برعکس من مانی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت ایک جانب مہنگائی میں کمی کے دعوے کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب رعایتی نرخوں پر اشیاء دستیاب نہ ہونے سے عوام براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی علاقوں میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی حالت زار ایسی ہے کہ وہاں کئی ہفتوں سے راشن کا نام و نشان نہیں۔

دوسری طرف یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین بھی ادارے کی ممکنہ نجکاری کی خبروں کے باعث غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، جس سے سروس کا معیار مزید متاثر ہو رہا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر فوری طور پر اشیائے خورد و نوش کی سپلائی بحال کی جائے تاکہ عوام کو کم از کم ریلیف فراہم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سنجیدگی سے عوامی ریلیف چاہتی ہے تو ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگ باآسانی مناسب قیمتوں پر خریداری کر سکیں اور حکومت کو بھی اعتماد اور ٹیکس آمدن کی صورت میں فائدہ ہو۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button