پنڈدادنخان میں ہر قسم کی طبی سہولیات کو ممکن بنایا جا رہا ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم سمیع اللہ فاروق

تحصیل پنڈدادنخان میں صحت کی سہولیات کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال او ر رورل ہیلتھ سینٹر ز کا کردار انتہائی اہم ہے، ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے سینکڑوں میل دور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ان دونوں مراکز صحت کو اپ ڈیٹ رکھنا اور بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت مل کرکام کر رہے ہیں۔
یہ بات ڈی سی جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان اور رورل ہیلتھ سینٹر للِہ کا کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان میں صحت کی تمام ضروری سہولیات موجود ہوں تاکہ کسی مریض کو ضلعی ہیڈ کوارٹر نہ جانا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سمیع اللہ فاروق تحصیل پنڈدادنخان کے دورہ کے دوران تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور رول ہیلتھ سینٹر پہنچے جہاں انہوں نے دو نوں مراکز صحت میں صفائی، بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا جس کے بعد ڈی سی جہلم نے محکمہ صحت کے افسران کے ہمراہ دونوں مراکز صحت میں طبی مشینری چیک کی۔
انہوں نے سٹاف کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر اور ادویات کی دستیابی اور سٹاک کی تفصیلی چیکنگ کرتے ہوئے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، ادویات اور عملہ کے رویہ بارے تفصیلی گفتگو کی۔ ڈی سی جہلم کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر پی ڈی خان اسامہ شیرون، ایم ایس ٹی ایچ کیو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے ہدایت کی کہ تحصیل پنڈدادنخان میں ہر قسم کی طبی سہولیات کو ممکن بنایا جا رہا ہے جبکہ ان ہسپتالوں اور مراکز صحت کو اپ گریڈ کرنے کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ میں ہیں۔ مریضوں اور اہلخانہ نے صحت کی سہولیات پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔



